Rahel Sharif 44

آرمی چیف راحیل شریف کا الوداعی دورہ

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ گیریژن کا الوداعی دورہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورۂ کوئٹہ کے دوران سدرن کمانڈ، فرنٹیئر کور بلوچستان کے افسروں اور جوانوں سے خطاب بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل راحیل شریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی پر قابو پانے میں سدرن کمانڈ اور فرنٹیئر کور کا کردار نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے غیرملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو مسترد کر دیا اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو پکڑنے میں مدد دی۔

جنرل راحیل کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں اب دہشت گرد اور ان کے ہمدرد چھپتے پھر رہے ہیں، فراریوں کی بڑی تعداد ہتھیار ڈال رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ گوادر پورٹ اور سی پیک سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگیا سیکیورٹی اور استحکام کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔

آرمی چیف نے دشوار گزار علاقوں میں 1 ہزار کلو میٹر طویل سڑکیں بنانے پر سدرن کمانڈ کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی اور سول حکومت کی مدد بطور آرمی چیف میری ترجیح رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سدرن کمانڈ نے مقررہ مدت میں سی پیک کو آپریشنل کرنے میں مدد دی، گوادر پورٹ اور سی پیک امید اور خوشحالی کا نیا دور لائیں گے، جس کا فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں