11

انجن فیل ہونے کے باوجود باحفاظت پائلٹ نے جہاز کو لینڈ کر دیا

پی آئی اے کے بیرون ملک جانے والے طیارے میں دوران پرواز انجن فیل ہونے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے تمام مسافروں کو بچالیا۔
پی آئی اے کی پرواز 755 سیالکوٹ سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض جارہی تھی کہ دوران پرواز اچانک طیارے کا ایک انجن فیل ہوگیا اور جہاز کے کارگو رکھنے والے پورشن میں آگ بھڑک اٹھی، طیارے میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے، تاہم پائلٹ نے فوری طور پر لاہور رن وے کو کلیئر کرنے کو کہا اور جہاز کو بحفاظت ہنگامی طور پر لاہور ائیرپورٹ پراتارلیا۔
پی آئی اے کی سول ایوی ایشن انتظامیہ نے ریسکیو کی آگ بجھانے والی گاڑیاں اور ایمبولینس فوری طور پر رن وے پر بھیج دیں جہاں ریسکیو اہلکار جہاز کے کارگو پورشن میں لگنے والی آگ کو بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جہاز کے قریب کسی بھی شخص کو آنے نہیں دیا جارہا یہاں تک کہ پی آئی اے کےانجینئرنگ اسٹاف کو بھی قریب آنے کی اجازت نہیں ہے، تاہم طیارے سے تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا ہے۔
پی آئی اےانتظامیہ کے مطابق طیارے میں لگنے والی آگ کے اسموک کا سگنل کاک پٹ میں موجود پائلٹ کو ملا جس کے بعد طیارہ فوری طور پر لینڈ کروایاگیا، پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ طیارے میں نہیں صرف کارگو پورشن میں لگی، طیارے کا معائنہ جاری ہے دوپہر تک جہاز کلیئر کردیا جائے گا۔
پی آئی اے ترجمان نے تمام مسافروں کی حفاظت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تمام مسافروں کو ریاض بھیجنے کا متبادل بندوبست کیا جارہاہے، طیارے سے مسافروں کا سامان بھی اتار لیا گیا ہے، اب پرواز 12 بجے جہاز بدل کر ریاض کے لیےروانہ ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں